صوبائی وزیر عطا اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے صوبائی وزیروں پر سرکاری پیسے سے پیٹرول کے استعمال پر پابندی لگا دی ہے، وزراء اپنے خرچے سے پیٹرول خریدیں گے۔
لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ تمام صوبائی وزراء نے سرکاری پیٹرول نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب گندم کی قلت کا شکار صوبوں کی مدد کرے گی، آٹے کی قیمت کم کردی ہے، اب نان بائی ایسوسی ایشن قیمت کم کرے۔
ان کایہ بھی کہنا تھا کہ پنجاب کے بارڈرز کی کڑی نگرانی کا فیصلہ کیا ہے تاکہ سستا آٹا اسمگل نہ ہو، پنجاب نے 50 لاکھ ٹن گندم حصول کا ہدف پورا کیا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ عمران نیازی نے اپنے دور حکومت میں ملک و قوم کو دیوالیہ کر دیا، انہوں نے دونوں ہاتھوں سے ملک کو لوٹا، عثمان بزدار کی رہائش گاہ پر عوام کے پیسے کو بے دردی سے خرچ کیا گیا، گزشتہ حکومت نے عوام سے کیا ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران نیازی سے زیادہ ڈرپوک کوئی ملکی تاریخ میں نہیں آیا، وہ منرل واٹر بھی کے پی حکومت کے خرچ سے پیتا ہے۔