پی ٹی آئی مسلسل غیر ملکی مداخلت کو دعوت دے رہی ہے، شیری رحمان

eAwazپاکستان

پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما سینیٹر شیری رحما ن نے کہا ہے کہ تحریک انصاف مسلسل غیر ملکی مداخلت کو دعوت دے رہی ہے۔

شیری رحمان نےامریکی کانگریس ارکان کے صدر جو بائیڈن کو لکھے گئے خط میں پر ردعمل دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی مسلسل اپنے بانی چیئرمین کی رہائی کےلیے غیر ملکی مداخلت کو دعوت دے رہی ہے۔ امریکی ارکان کانگریس کا صدر بائیڈن کو خط ’حقیقی آزادی‘ کے بیانیے کے تابوت میں ایک اور کیل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی ارکان کانگریس کا خط پاکستان کے داخلی معاملات میں واضح مداخلت ہے، دوسرے ملک کے سیاسی اور قانونی معاملات میں مداخلت بین الاقوامی اصولوں کےخلاف ہے۔

شیری رحمان نے یہ بھی کہا کہ خط پاکستان کے سیاسی نظام اور عدلیہ کی خودمختاری کو چیلنج کرتا ہے، خط خطرناک مثال بھی قائم کرتا ہے کہ کوئی ملک مداخلت کو جائز سمجھنے لگے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی امریکا میں پاکستان کے خلاف لابنگ کی کوششیں بھی قابل مذمت ہیں، یہ وہی سیاسی جماعت ہے جو ماضی میں ’امریکی مداخلت‘ پر بیانیہ بناکر سیاست کرتی رہی ہے، تحریک انصاف کا اب خود ایسی مداخلت کا سہارا لینا دہرا معیار ہے۔