پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی میں اپنے ہی ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عمدم اعتماد جمع کروا دی ہے جس کے بعد صوبے میں ایک نیا آئینی بحران پیدا ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم سے تحریک انصاف کی قیادت نے ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی منظوری کی تھی جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے سیکرٹری پنجاب اسمبلی کو دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ تحریک عدم اعتماد میاں محمودالرشید، ڈاکٹر مراد راس اور دیگر ارکان اسمبلی کے دستخطوں سے جمع کرائی گئی ہے۔
اس حوالے سے ترجمان ق لیگ کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک پنجاب اسمبلی میں جمع ہونے کے بعد سردار دوست محمد مزاری اسمبلی اجلاس طلب کرنے کے مجاز نہیں رہے۔
دوسری جانب دوست محمد مزاری کا کہنا ہے کہ یہ الیکشن وزیر اعلیٰ کے لیے ہے میرے لیے نہیں، قانون کے مطابق پنجاب اسمبلی اجلاس کی صدارت کر سکتا ہوں۔