پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس، FIA کو کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت

eAwazپاکستان

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت کے دوران ایف آئی اے کو قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کر دی۔

پی ٹی آئی کی جانب سے فنڈنگ لینے کے لیے بنائی گئی ویب سائٹ سے متعلق ایف آئی اے انکوائری کے خلاف کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے کی۔

دورانِ سماعت ایڈیشنل اٹارنی منور اقبال دوگل نے عدالت سے تیاری کے لیے وقت مانگ لیا۔

جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس میں کہا کہ ایسے کیسز نہیں بنتے کہ بس صرف بندا اٹھالو، بندا اٹھانے سے کوئی تفتیش نہیں ہوتی، اس طرح کیسز کرتے ہیں تو پھر عدالتوں میں کیسز آتے ہیں، عدالت جب فیصلہ دیتی ہے تو عدالتوں پر الزام آ جاتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج آپ حکومت میں ہیں، کل یہ ہوں گے، پرسوں کوئی اور ہو گا، حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں مگر اداروں نے ادھر ہی رہنا ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ایف آئی اے کو کسی بھی قسم کی تادیبی کارروائی سے روکا جائے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے استدعا کی کہ جو نئی درخواست دائر ہوئی ہے اس کی کاپی ابھی مجھے نہیں ملی، وہ دی جائے۔