پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سندھ سے تعلق رکھنے والے رکن الیکشن کمیشن نثار درانی کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کررہے ہیں، چیف الیکشن کمیشنر کے خلاف بھی ریفرنس لانے کا فیصلہ کررہے ہیں۔
سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے خلاف ایک قانونی جدوجہد کا آغاز کرنے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اداروں کی ذمہ داری ملک میں توازن قائم رکھنا ہے، اس مقصد میں ادارے اس وقت ناکام ہوجاتے ہیں جب اس ادارے میں تعیناتیاں میرٹ کی بنیاد پر نہ ہوں، اس وقت ملک میں سیاسی بحران کی سب سے بڑی وجہ الیکشن کمیشن کا بحیثیت ادارہ غیر فعال ہونا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کا الیکشن کمیشن پر اعتماد صفر ہوچکا ہے، سب سے بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ عمران خان کہہ چکے ہیں کہ چیف الیکشن کمشنر مسلم لیگ (ن) میں کوئی عہدہ لے لیں، عزت دار طریقہ یہی تھا کہ الیکشن کمیشنر خود استعفیٰ دے دیتے لیکن بدقسمتی سے اس کے برعکس ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اس الیکشن کمیشن میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کی نمائندگی نہیں ہے، اس کا مطلب پاکستان کی 70 فیصد آبادی کی نمائندگی کا نہ ہونا ہے، الیکشن کمیشن مسلسل پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی قوت کے خلاف ایک پارٹی بنا ہوا ہے۔