پی ڈی ایم ابھی تک نہیں ٹوٹا، اس کا سربراہ اپوزیشن میں اور باقی حکومت میں ہیں: مولانا فضل الرحمان

Aliپاکستان

مولانا فضل الرحمان: پی ڈی ایم ابھی تک نہیں ٹوٹا، اس کا سربراہ اپوزیشن میں اور باقی حکومت میں ہیں

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دور حکومت میں بننے والا اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) ابھی تک نہیں ٹوٹا، اور اس کا سربراہ اپوزیشن میں ہے جبکہ باقی اراکین حکومت میں ہیں۔

تونسہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا، "ہماری پسماندگی کا غلط استعمال ہو رہا ہے، ہماری غربت کو ہماری کمزوری سمجھا جا رہا ہے، لیکن ہم ظلم اور جبر کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھیں گے۔”

انہوں نے مزید کہا، "ڈیڑھ سال میں فلسطین میں 60 ہزار شہری بمباری سے شہید ہو گئے ہیں، تمہارے ہاتھوں سے انسانیت کا خون ٹپک رہا ہے، امریکا انسانی حقوق کا قاتل ہے اور اسرائیلی وزیراعظم جنگی جرائم کا مرتکب ہے۔”

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا، "امریکا اور یورپ بھی حمایت کرنے پر برابر کے مجرم ہیں، اگر مسلمان حکمران خاموش ہیں تو وہ بھی جبر میں شریک ہیں، غزہ میں بچے، جوان اور بوڑھے موت کا انتظار کر رہے ہیں۔”

انہوں نے کہا، "ہم عوام کی نمائندگی پارلیمنٹ میں کر رہے ہیں، ہم نے کوئی بھی فیصلہ اپوزیشن جماعتوں سے مشورے کے بغیر نہیں کیا اور ہمارے ترمیم میں یہ تجویز تھی کہ ایک آئینی عدالت قائم کی جائے جو سیاسی کیسز کے فیصلے کرے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ قوم کے اندر سیاسی شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ہمارے انتخابات میں دھاندلی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا، "میں پی ڈی ایم کا صدر تھا، پی ڈی ایم ابھی تک نہیں ٹوٹی، اس کا سربراہ اپوزیشن میں ہے اور باقی حکومت میں ہیں۔”

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے دور حکومت میں اپوزیشن جماعتوں نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اتحاد بنایا تھا اور اس کے سربراہ مولانا فضل الرحمان تھے۔