چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے فل کورٹ ریفرنس جاری

eAwazپاکستان

چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کا عدالت عظمیٰ کے اعلیٰ ترین جج کی حیثیت سے آج آخری دن ہے اور ان کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے فل کورٹ ریفرنس جاری ہے۔

فل کورٹ ریفرنس سپریم کورٹ کمرہ عدالت نمبر ایک میں ساڑھے دس بجے شروع ہوا جس میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی اور نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سمیت سپریم کورٹ کے دیگر ججز شریک ہیں۔

سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ رخصت پر ہونے کی وجہ سے فل کورٹ ریفرنس میں شریک نہیں ہیں۔

اس کے علاوہ جسٹس ملک شہزاد، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس منیب اختر اور جسٹس عائشہ ملک بھی ریفرنس میں شریک نہیں ہیں۔

فل کورٹ ریفرنس میں سپریم کورٹ کے وکلا، عدالتی عملہ اور صحافی بھی موجود ہے جہاں ریفرنس سے چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی خطاب کریں گے۔

ریفرنس میں اٹارنی جنرل منصور اعوان نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے کیریئر کے اہم فیصلوں کا خاکہ پیش کرتے ہوئے ان کے فیصلوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی حیثیت سے انہوں نے کئی اہم فیصلے کیے، 2013 میں محمد سلیم اور حکومت پاکستان کے درمیان مقدمے میں انہوں نے سرکاری حکام کے حکومتی اخراجات پر حج پر پابندی کے فیصلے کو برقرار رکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ نسرین کیترانی اور حکومت بلوچستان کے درمیان 2012 کے مقدمے میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے آئین پاکستان کے آرٹیکل 19اے میں درج معلومات کے بنیادی حق پر زور دیا اور جواب دہندگان کو ہدایت کی کہ وہ صوبے کے تمام اسکولوں کو چلانے کو یقینی بنائیں اور ساتھ ساتھ اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ اساتذہ اور اسکول تعلیم فراہم کریں جس کی متعلقہ حکومتی افسران نگرانی کریں۔

انہوں نے کہا کہ 2010 میں صوبے کے دو مقدمات میں چیف جسٹس نے خواتین کی اپنی مرضی کے مطابق شادی کے حق کو برقرار رکھا جبکہ اور بلوچستان ہائی کورٹ میں پانچ سال تک بطور چیف جسٹس خدمات انجام دینے کے بعد جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا تقرر عدالت عظمیٰ میں کردیا گیا جہاں انہوں نے ایک دہائی تک خدمات انجام دیں۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کے اہم فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے اٹارنی جنرل نے کہاکہ متعدد مقدمات میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جنگلی حیات کے تحفظ پر زور دیا اور اس سلسلے میں اسلامی تعلیمات کا حوالہ دیا جبکہ سپریم کورٹ میں بھی متعدد مقدمات میں وراثت میں خواتین کے حق کا تحفظ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مشہور زمانہ فیض آباد دھرنا کے فیصلے میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اجتماع اور احتجاج کے حق اور ان معقول پابندیوں پر تفصیلی بحث کی، اہم بات یہ ہے کہ جسٹس عیسیٰ نے نوٹ کیا کہ احتجاج کا حق صرف اس حد تک محدود ہے جس میں آزادانہ نقل و حرکت کے حق سمیت دوسروں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہوتی ہو۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تمام شرکا بالخصوص نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور دیگر ساتھی ججز، اٹارنی جنرل منصور اعوان، پاکستان بار کونسل کے نائب چیئرمین فاروق ایچ نائیک اور صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن شہزاد شوکت کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کا شکریہ جنہوں نے مناسب سمجھا کہ میں یہ منصب سنبھالوں، عوام کا شکریہ اور چوہدری افتخار صاحب کا شکریہ جنہوں نے میرا بطور چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ انتخاب کیا۔

ان کا کہنا تھاکہ جب میں بلوچستان ہائی کورٹ گیا تو میں واحد جج تھا، ملک میں آئینی بحران آ چکا تھا تو مجھے کسی سے سیکھنے کو نہیں ملا، وکلا نے مجھے سکھایا اور بلوچستان کے وکلا کی مدد سے آگے بڑھے، ججز کو تعینات کیا اور ایک غیرفعال عدالت عالیہ بلوچستان کا کام شروع ہوا۔

فل کورٹ ریفرنس سے نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے ساتھ ساتھ وائس چئیرمین پاکستان بار کونسل اور صدر سپریم کورٹ بار بھی خطاب کریں گے۔

گزشتہ روز سپریم کورٹ بار اور پاکستان بار کونسل کی جانب سے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے اعزاز میں الوداعی عشائیےکا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔