Sugar price in Pakistan

چینی کی قیمت نیچے آگئی تھی اسے دوبارہ شوگرمافیا نے بڑھایا: ترجمان پنجاب حکومت

eAwazپاکستان

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ پہلے بھی چینی کا بحران آیا تھا، ہم نے اسے حل کردیا تھا، گزشتہ 3 دن کی رپورٹس کے مطابق چینی کے ذخائر سے متعلق 1933 انسپیکشن کی گئیں، ذخیرہ اندوزی کی 1738 رپورٹس کوچیک کیا گیا جس کے بعد 195 مقامات پرچینی کی ذخیرہ اندوزی پائی گئی، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ساڑھے تین لاکھ سے زائد جرمانے کیے گئے، 18 سے زائد مقدمات درج کرکے 63 گوادم بھی سیل کیے جب کہ چھاپوں کے دوران چینی کے 21 ہزار تھیلے مارکیٹ سے قبضے میں لیے گئے۔

ترجمان نے بتایا کہ مارکیٹ میں چینی کی قلت کی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں جب کہ مارکیٹ میں اس وقت چینی کا 46 ہزار ٹن کا نجی اسٹاک موجود ہے، تقریباً ایک لاکھ ٹن چینی کا اسٹاک پنجاب حکومت اوریوٹیلیٹی اسٹورزکے پاس ہے، چینی کا کچھ اسٹاک ڈپٹی کمشنرز، کچھ ٹرانزٹ اورکچھ ڈیلرزکے پاس ہے، اس کے علاوہ مزید چینی درآمد کی جارہی ہے۔

حسان خاور کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزیا بلیک مارکیٹ کرنے والے درآمد شدہ چینی کی کم مٹھاس ہونے کی افواہ پھیلارہے ہیں،درآمد شدہ چینی کی مٹھاس اتنی ہے جتنی مقامی چینی کی ہے، درآمد شدہ چینی اورمقامی چینی میں فرق صرف دانے کا ہے،مقامی چینی دانے والی اوردرآمدی چینی باریک ہوتی ہے جب کہ درآمد شدہ چینی پنجاب میں 90 روپے فی کلودستیاب ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے ڈیڑھ لاکھ ٹن اورپنجاب حکومت نے بھی ڈیڑھ لاکھ ٹن چینی درآمد کی ہے جب کہ پنجاب حکومت 80 ہزار ٹن چینی بیچ چکی ہے اور باقی بیچنے کے مراحل میں ہے،وفاق اورپنجاب حکومت نےمل کرچینی پر 5 ارب روپے کی سبسڈی دی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں گھریلوصارفین کے لیے 2800 ٹن چینی کی ضرورت ہوتی ہے اور ہمارے پاس 15 دن سے زائد کا اسٹاک ہے، صوبے میں 46 ہزار ٹن چینی نجی شعبے کے پاس ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ خدا خدا کرکے جنوب سے کرشنگ سیزن شروع ہونے کی خبریں آرہی ہیں، شوروغل کے بعد اچانک سندھ میں راتوں رات گنے کی فصل پک گئی اور کرشنگ سیزن کا آغاز ہورہا ہے، سندھ حکومت سے درخواست ہے ارادہ باندھ لیا ہے توکرشنگ سیزن کا آغاز کردے روڑے نہ اٹکائے، یہ لوگ عوام کے مسائل پرسیاست نہ کریں، جنوبی پنجاب میں 15 نومبرسے کرشنگ شروع ہوگی، سندھ میں کرشنگ شروع ہوگئی توچینی کی قیمت یکدم نیچےآجائے گی۔

حسان خاور نے کہا کہ ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت 15 سے 20 روپے کم ہوئی ہے اور مزید کم ہوگی، چینی کی قیمت نیچےآگئی تھی، دوبارہ شوگرمافیا نےقیمت بڑھادی، کچھ شوگرملز نے اپنا اسٹاک کنٹرول پرائس پر حکومت کو دینے پرآمادگی ظاہرکی، چینی کی ایکس مل کنٹرول پرائس 85 روپے ہے۔