چین اور سعودی عرب پاکستان کو 13 ارب ڈالرز کا پیکج فراہم کریں گے، دونوں ممالک جون 2023 تک پاکستان کی مالی ضروریات کا خیال رکھیں گے۔
ان خیالات کا اظہار وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ چین اور سعودی عرب نے پاکستان کو 13 ارب ڈالر کا پیکج فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
وزیر خزانہ نے میڈیا کو بتایا کہ موجودہ مالی سال چین قرضے رول اوور کرنے سمیت 8.8 ارب ڈالرز کی معاونت کرے گا جبکہ 3.3 ارب ڈالرز کے کمرشل قرضے بھی فراہم کرے گا۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ سعودی عرب کی جانب سے 4.2 ارب ڈالر کی اضافی رقم فراہم کرنے کا امکان ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب کی جانب سے فراہم کی جانے والی اضافی رقم میں 3 ارب ڈالرز کے اضافی ذخائر اور موخر ادائیگی پر تیل کی سہولت شامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب گوادر میں پیٹرو کیمیکل کمپلیکس تعمیر کرے گا جبکہ چین نے ایم ایل ون اور کراچی سرکلر ریلوے پر کام جلد شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
وزیرخزانہ نے بتایا کہ دونوں ممالک جون 2023 تک پاکستان کی مالی ضروریات کا خیال رکھیں گے۔