ڈور پھرنے والا واقعہ تکلیف دہ ہے، واقعہ نظر انداز نہیں کر سکتے؛ وزیراعلیٰ پنجاب

eAwazپاکستان

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ ڈور پھرنے والا واقعہ تکلیف دہ ہے، واقعہ نظر انداز نہیں کر سکتے۔

نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے فیصل آباد ڈویژن کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔

مریم نواز نے کہا کہ ورکروں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے قانون لارہے ہیں، عمل بھی کرائیں گے، فیصل آباد میں 100 اسپیڈو اور میٹرو بسیں بھی لارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کم آمدن والے ایک لاکھ گھروں میں فیصل آباد بھی شامل ہے، پنجاب حکومت عوام کی حکومت ہے، دیہی اور بنیادی مراکز صحت کی 6 ماہ میں اصلاحات کریں گے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ 36اضلاع میں سالڈ ویسٹ کلیکشن کا جامع نظام لارہے ہیں، 3 ماہ میں 18 شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹ شروع ہوگا۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب میں 48 لاکھ سے زائد رمضان نگہبان پیکج تقسیم ہوچکے ہیں، طلبہ کو لیپ ٹاپ اور ٹیبلٹس بھی دیے جائیں گے۔

اس موقع پر مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ ایک دو سال مشکل سہی، آسودگی کا وقت ضرور آئے گا۔

نواز شریف نے کہا کہ سب مل کے پاکستان کو دوبارہ اپنے مقام پر لائیں گے، ہماری حکومت کو نہ ہٹایا جاتا تو پاکستان ترقی کی بلندیوں پر ہوتا۔

نواز شریف نے کہا کہ قبضہ کرنے والوں نے ملک کے ساتھ جو کیا، سب نے دیکھا، مسلم لیگ ہی نہیں پاکستان کے ساتھ بھی زیادتی ہوئی، ن لیگ کو اب اپنی سیاسی میراث حاصل کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاستدان، انتظامیہ اور پولیس سمیت سب کو مل کر ملک کو مشکل سے نکالنا ہوگا، آپ کی وزیراعلیٰ آپ کے ساتھ ہے، مل کر صوبے اور ملک کیلئے کام کریں، ڈور پھرنے سے نوجوان کی ہلاکت کا بہت دکھ ہے۔