ڈیجیٹلائزیشن اقدامات سے ریونیو میں بہتری متوقع؛ ایف بی آر بریفنگ

eAwazپاکستان

آئی ایم ایف مشن چیف نیتھن پورٹر کی قیادت میں وفد کی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے ابتدائی ملاقات ہوئی جس میں آئی ایم ایف مشن کو ٹیکس پالیسی اور اصلاحات پر بریفنگ دی گئی۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے وفد کو خوش آمدید کہا، ملاقات میں وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک، گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین ایف بی آر اور وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لیے ایف بی آر نے ڈیجیٹلائزیشن اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس ڈیٹا کے استعمال پر بھی بریفنگ دی۔ حکام نے بتایا کہ اے آئی بیسڈ اقدامات اور ڈیجیٹلائزیشن اقدامات کے بعد ریونیو میں بہتری متوقع ہے۔

ایف بی آر ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت نئے دفاتر کے قیام اور رائٹ سائزنگ سے بھی آگاہ کیا گیا، اِن لینڈ ریونیو اور کسٹمز میں اب تک 160 سے زائد آسامیاں ختم کی جا چکی ہیں۔

آئی ایم ایف مشن کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وفاقی کابینہ نے مختلف وزارتوں اور ڈویژنز میں ڈیڑھ لاکھ آسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کسٹمز کی تنظیم نو کی جا رہی ہے جبکہ کسٹمز کے 4 ڈائریکٹوریٹ بند کر دیئے گئے جس میں راولپنڈی، ملتان، حیدرآباد اور گوادر شامل ہیں۔