ماہرین نے خبردار کیا ہےکہ کراچی میں رواں برس درجہ حرارت 74 برس میں سب سے زیادہ رہا، اگر صورت حال یہی رہی تو کراچی 2060 تک مکمل زیر آب آ سکتا ہے۔
برطانیہ کی میزبانی میں موسمیاتی تبدیلی پر عالمی کانفرنس اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں شروع ہوگئی ہے، جس میں بین الاقوامی لیڈرز ، تجزیہ کار اور تاجر شرکت کر رہے ہیں۔
اس حوالے سے پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور برطانیہ کرہ ارض کے سرسبز مستقبل پر مل کرکام کر رہے ہیں، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے ممالک میں آٹھویں نمبر پر ہے۔
برطانوی ہائی کمیشن کا کہنا ہےکہ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ کراچی میں رواں برس درجہ حرارت74 برس میں سب سے زیادہ رہا، اگر صورتحال یہی رہی تو کراچی 2060 تک مکمل زیر آب آ سکتا ہے۔
ہائی کمیشن کے مطابق رواں سال دنیا میں سب سے گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا، یہی صورتحال رہی تو کوہ ہندوکش اور ہمالیہ کے 36 فیصدگلیشیئرز سن 2100 تک پگھل جائیں گے۔
برطانوی ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ 26 پاکستانی کمپنیوں کو اپنی فضائی آلودگی 2030 تک نصف کرنے پر آمادہ کیا ہے جب کہ 28 پاکستانی کمپنیوں نےاپنی فضائی آلودگی 2050 تک صفر پر لانے کاعزم کیا ہے۔