وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت پاکستان کسٹمز اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے امور سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ کسٹمز کا شعبہ پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں اصلاحات اور مکمل ڈیجیٹائزیشن ہماری معاشی بقا کامسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر اور دیگر اداروں میں جاری اصلاحاتی منصوبوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ ہر سطح پر یقینی بنایا جائے، ایف بی آرمیں جاری تمام اصلاحات اور ڈیجیٹائزیشن کے تمام منصوبوں کوایک چھتری تلے لایا جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایف بی آر انفورسمنٹ کا نظام بہتر کر کے محصولات میں اضافے کو یقینی بنائے، پاکستان کی تمام پورٹس پر کسٹمز آپریشنز کو شفاف اور کرپشن فری بنانے کے بھرپور اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ کسٹمز آپریشنز میں حائل تمام تر غیر ضروری رکاوٹیں دور کی جائیں، کسٹمز ڈیوٹی کے بھرپور نفاذ کیلئے جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور آلات کا استعمال کیا جائے، کسٹمز کے نظام میں اصلاحات کے حوالے سے جاری منصوبے کیلئے پروجیکٹ منیجمنٹ یونٹ کا فوری قیام عمل میں لایا جائے،۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مِس انوائسنگ کے حوالے سے تمام تر مسائل حل کیے جائیں، پاکستان کی صنعتوں اور مصنوعات کو تحفظ دینے کیلئے انڈر انوائیسنگ کا خاتمہ کیا جائے، انفورسمنٹ کے ذریعے کتنا ریونیو اکٹھا ہوا اس کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شپنگ کے شعبے کے آپریشنز کے حوالے سے ریگولیٹری فریم ورک کا قیام عمل میں لایا جائے، کسٹمز کے ویب بیسڈ ون کسٹمز سسٹم کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا جائے۔