سڈنی : راؤنڈر جیمز فولکنر کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کا دورہ پاکستان کسی امتحان سے کم نہیں ہوگا، پاکستان کی وکٹیں بہت مختلف ہوں گی۔جیمز فولکنر نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا دنیا کی بہترین ٹیمیں ہیں، پاکستان میں کرکٹ کی واپسی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ چوبیس سال قبل آسٹریلیا کی انڈر 19 ٹیم کے ساتھ پاکستان آیا تھا، جب آسٹریلیا کی انڈر 19 ٹیم کے ساتھ پاکستان آیا تو میری عمر صرف 14 سال تھی۔آسٹریلوی آل راؤنڈر جیمز فولکنر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کررہے ہیں۔ دو دن قبل کرکٹ آسٹریلیا نے بورڈ میٹنگ کے بعد دورہ پاکستان کی باضابطہ تصدیق کی تھی، آسٹریلین ٹیم 1998کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کررہی ہے۔
جمعے کو پی سی بی نے دورے کے نئے شیڈول کا اعلان کیا تھا، دورہ اب کراچی کے بجائے پنڈی سے شروع ہوگا اور پنڈی ہی میں ختم ہوگا۔آسٹریلوی ٹیم 4 سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی، چاروں وائٹ بال میچز لاہور کی بجائے راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
دوسرا ٹیسٹ 12 سے 16 مارچ تک کراچی اور تیسرا 21 سے 25 مارچ تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔ مقامات میں تبدیلی یوم پاکستان کی ریہرسل اور لاجسٹک وسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔دونوں بورڈز نے اتفاق کیا ہے کہ مہمان ٹیم بذریعہ چارٹرڈ پرواز اسلام آباد پہنچے گی، آئسولیشن مکمل کرنے کے بعد انہیں ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔