کراچی: ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے۔ وفاقی وزارتِ صحت کے حکام کے مطابق کراچی میں گزشتہ روز کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 15 فیصد سے زیادہ ہو گئی ہے۔وفاقی وزارتِ صحت کے حکام نے بتایا ہے کہ شہرِ قائد میں گزشتہ روز 5 ہزار 168 کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے، جن کے نتیجے میں مزید 780 کورونا کیسز سامنے آئے۔محکمۂ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں کورونا وائرس کے اومی کرون ویرینٹ کی شرح 87 فیصد سے زائد ہو چکی ہے۔
گزشتہ روز 24 نمونوں کی نیکسٹ جنریشن سیکوینسنگ کی گئی، جن میں سے 21 نمونے اومی کرون ویرینٹ کے پائے گئے۔کراچی کے ضلع شرقی میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز سامنے آ رہے ہیں، دوسرے نمبر پر کورونا کیسز ڈسٹرکٹ ساؤتھ سے سامنے آ رہے ہیں۔پارلیمانی سیکریٹری صحت سندھ و ایم پی اے قاسم سومرو کے مطابق کورونا وائرس کی شرح یوں ہی بڑھتی رہی تو سخت اقدامات کرنے پڑیں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ خدشہ ہے کہ اگلے ہفتے سے اسپتالوں پر بوجھ پڑنا شروع ہو جائے گا۔قاسم سومرو کا یہ بھی کہنا ہے کہ شادیوں اور دیگر اجتماعات کے باعث کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے، جہاں ایس او پیز کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ 4 لاکھ 86 ہزار 740 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 7 ہزار 681 ہو گئیں۔دوسری جانب پاکستان بھر میں اب تک 28 ہزار 969 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 13 لاکھ 4 ہزار 58 ہو چکی ہے۔