واشنگٹن : گلوکارہ عروج آفتاب امریکی میوزک اور آرٹس فیسٹیول ’کوچیلا‘ میں اپنی گلوکاری کے جوہر دکھانے والی پہلی پاکستانی گلوکارہ ہوں گی۔ خیال رہے کہ امریکی میوزک اور آرٹس فیسٹیول کوچیلا دنیا کے مقبول ترین میوزک فیسٹیولز میں سے ایک ہے۔
یہ فیسٹیول 15 اپریل کو کیلیفورنیا میں شروع ہوگا جس میں بیلی ایلش، کانیے ویسٹ اور ہیری اسٹائلز جیسے معروف گلوکار اس میں پرفارم کریں گے۔ کوچیلا فیسٹول میں پرفارم کرنے والوں کی اسی فہرست میں پہلی بار ایک پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب بھی شامل ہوئی ہیں۔
معروف اداکارہ ماہرہ خان، میشا شفیع اور فیصل کپاڈیہ سمیت کئی ستاروں نے عروج آفتاب کو کوچیلا میں گانے کے لیے نامزد ہونے پر مبارکباد دی۔ عروج آفتاب گریمی ایوارڈز میں بہترین نئے آرٹسٹ کے لیے بھی نامزد ہونے والی پہلی پاکستانی گلوکارہ ہیں۔ گریمی ایوارڈز کی تقریب 31 جنوری 2022 کو ہونے والی ہے۔
اس سے قبل اوباما نے بھی عروج آفتاب کے گانے کو اپنے بہترین گانوں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔ پاکستانی گلوکارہ نے حفیظ ہوشیارپوری کی مشہور زمانہ غزل ’محبت کرنے والے کم نہ ہونگے‘ میں اپنی سُریلی آواز کا جادو جگایا تھا جس سے براک اوباما بھی متاثر دکھائی دیے۔