Steve Smith

آسٹریلوی اسکواڈ پاکستان میں ناقابل یقین حد تک محفوظ محسوس کر رہاہے: اسٹیو اسمتھ

eAwazکھیل

راولپنڈی: حکام کی جانب سے کیے گئے فول پروف حفاظتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے، آسٹریلیا کے نامور کرکٹر اسٹیو اسمتھ نے منگل کو کہا کہ وہ پاکستان میں "ناقابل یقین حد تک محفوظ” محسوس کر رہے ہیں۔

راولپنڈی میں پہلے ٹیسٹ سے قبل ورچوئل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسٹیو اسمتھ نے کہا کہ وہ ہمیشہ پاکستان میں کھیلنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی اسکواڈ کے تمام ارکان دورہ پاکستان کے حوالے سے بہت پرجوش ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں 2019 میں ایشز سیریز کے بعد پہلا غیر ملکی دورہ کرنے پر خوشی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ابھی تک یہ معلوم نہیں کہ ملک میں کس قسم کی پچز دستیاب ہوں گی، انہوں نے مزید کہا کہ انہیں پہلے پریکٹس سیشن کے دوران وہ اسٹیڈیم اور پچ دیکھنے کا موقع ملے گا۔

ایک اور سوال کے جواب میں اسمتھ نے کہا کہ ہوم سائیڈ کے خلاف سیریز کے لیے ان کے پاس تین اسپنرز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس عالمی معیار کے کھلاڑی بھی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف دنیا کے تیز ترین گیند بازوں میں شامل ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پیٹ کمنز کی کپتانی کو بھی سراہا۔