اسٹیو اسمتھ پاکستانی بولرز کی ریورس سوئنگ کے معترف

eAwazکھیل

آسٹریلیا کے بیٹر اسٹیو اسمتھ پاکستانی بولرز کی ریورس سوئنگ کی تعریف کی ہے۔

اسٹیو اسمتھ نے پاکستان میں کھیل کے تجربے سے متعلق میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ریورس سوئنگ کا سامنا کیا۔

انہوں نے بتایا کہ وہ جب بیٹنگ کے لیے آتے تو گیند بہت زیادہ ریورس سوئنگ ہو رہی ہوتی تھی، انہیں اندازہ ہوتا تھا کہ اگلی بال نے بھی بہت ریورس سوئنگ ہونا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی جیسے بولرز ان پچز کے لیے بہت اچھے ہیں، پاکستان میں کھیلنے کے لیے ٹیمپو بنانے اور صبر دکھانے کی ضرورت ہوتی ہے۔

اسٹیو اسمتھ کے مطابق گیند جونہی نرم ہوتی ہے تو پھر سوئنگ ہونا شروع ہو جاتی ہے، جب بال سوئنگ ہوتی ہے تو پھر آپ کو اپنے پلان سے ہٹنا پڑتا ہے۔

آسٹریلوی کھلاڑی کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں اپنے پلانز کے مطابق کھیلے مگر زیادہ جارحانہ انداز میں نہیں کھیل سکےاورسنچری بھی اسکور نہیں کر سکے۔

واضح رہے کہ رواں سال 24 سال بعد آسٹریلیا کی ٹیم تین ٹیسٹ، تین ایک روزہ بین الاقوامی میچ اور ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلنے کے لئے پاکستان کے تاریخی دورے پر آئی تھی۔

اس سیریز نے ملک بھر کے کرکٹ شائقین کو اپنی طرف متوجہ کیا تھا، اس سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی خوب منافع ہوا تھا۔

خیال رہے کہ ٹیسٹ اور ٹی 20 سیریز میں مہمان ٹیم آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دی تھی جبکہ ون ڈے سیریز میں قومی ٹیم نے فتح اپنے نام کی تھی۔