افغانستان اے نے ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ 2024 کے فائنل میں سری لنکا اے کو شکست دے کر پہلی بار یہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
فائنل میں افغانستان اے نے سری لنکا اے کو 7 وکٹ سے شکست دے دی۔ سری لنکا کے 134 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے افغانستان اے نے 18.1 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔
صدیق اللّٰہ اتل نے 55 گیندوں پر 1 چھکا اور 3 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 55 رنز بنائے جس کی بدولت افغانستان نے آرام سے یہ ہدف پورا کیا۔ کریم جنت نے 33، درویش رسولی نے 24 اور محمد اسحاق نے 16 رنز بنائے۔
سری لنکا اے کے سہان، دوشان ہیمانتھا اور ایشان ملنگا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل افغانستان اے کے بلال سمیع نے 22 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں اور سری لنکا اے کو 133 رنز پر محدود کردیا۔
سری لنکا اے نے مقررہ 20 اوور میں 7 وکٹ پر 133 رنز بنائے تھے، سہان اراچیکے ناٹ آؤٹ 64 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
خیال رہے کہ سیمی فائنل میں افغانستان اے نے بھارت اے کو 20 رنز سے شکست دی تھی جبکہ سری لنکا نے دفاعی چیمپئن پاکستان اے کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔