انگلینڈ نے پاکستان کیخلاف سیریز کے شیڈول میں کسی باضابطہ تبدیلی کے حوالے سے وضاحت طلب کرلی ہے۔
کراچی کے اسٹیڈیم کے تعمیراتی کاموں کی وجہ سے وینیو کی تبدیلی کی خبریں سامنے آئیں تھیں جس کے بعد پاکستان انگلینڈ سیریز کے شیڈول میں تبدیلی کے حوالے سے خبریں گردش میں ہیں۔
رپورٹس کے مطابق پی سی بی کی جانب سے ابو ظہبی میں بھی ایک ٹیسٹ کروانے کی رپورٹ سامنے آئی جبکہ راولپنڈی میں دو اور ملتان میں ایک ٹیسٹ کرانے کی تجاویز بھی زیر غور ہیں۔
ٹیسٹ سیریز کے شیڈول میں تبدیلی کی خبروں کے بعد انگلینڈ کے ہیڈ کوچ برینڈن میکلم نے موجودہ صورتحال پر وضاحت طلب کر لی ہے۔
برینڈن میکلم نے سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے قبل میڈیا ٹاک پر پاک انگلینڈ سیریز پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کیا ہو رہا ہے ہم واقعی کچھ نہیں جانتے۔
انہوں نے کہا کہ ہم تب تک ٹیم کا انتخاب نہیں کر سکتے جب تک ہمیں علم نہ ہو کہ ہم کہاں کھیل رہے ہیں۔
انگلینڈ کے ہیڈ کوچ برینڈن میکلم کا کہنا تھا کہ یہ بہت اچھا ہو گا کہ اگلے کچھ روز میں اس حوالے سے پتہ چل جائے، جب ہمیں معلوم ہو جائے گا تب ہم مل بیٹھیں گے، ہم کنڈیشنز کے مطابق حریف ٹیم کے خلاف اچھی ٹیم بنا سکیں۔
دوسری جانب ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کا پہلا ٹیسٹ 7 اکتوبر سے ملتان میں شیڈولڈ ہے تاہم سیریز کا از سر نو شیڈول اگلے ہفتے کے شروع میں متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی دو ٹیسٹ راولپنڈی اور ایک ٹیسٹ ملتان میں کرانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، ابوظہبی میں ٹیسٹ میچ کرانے میں لاجسٹک، آپریشنل اور مالی چیلنجز کا سامنا ہے۔