ملبورن: آسٹریلیا کے لئےنئے کرکٹ کپتان کا تقرردردِ سربن گیا جب کہ پیٹ کمنز اور اسٹیون اسمتھ آمنے سامنے آگئے۔کرکٹ آسٹریلیا تاحال نئے ٹیسٹ کپتان کا انتخاب نہیں کر سکا ہے، سلیکشن پینل کی جانب سے گذشتہ روز فاسٹ بولر پیٹ کمنز اور بیٹر اسٹیون اسمتھ کے انٹرویوز لیے گئے،
اس پینل میں سلیکٹرز جارج بیلی، ٹونی ڈوڈیمیڈ، چیف ایگزیکیو نک ہوکلے، چیئرمین رچرڈ فریڈینسٹین اور بورڈ ممبر میل جونز شامل ہیں۔کمنز اور اسمتھ نے گولڈ کوسٹ میں دوران قرنطینہ ویڈیو لنک پر سوالات کے جواب دیے،
ہیڈ کوچ جسٹن لینگر کو اس عمل سے دور رکھا گیا،انھیں پہلے ہی پوری توجہ ایشز سیریز کی تیاریوں پر مرکوز رکھنے کی ہدایت دی جا چکی ہے۔اس وقت ٹیم کی سپورٹ فاسٹ بولر کمنز کے ساتھ ہے،
ٹیسٹ اوپنر مارکس ہیرس نے کہاکہ یقیناًکچھ فاسٹ بولرز قیادت کی اضافی ذمہ داری ملنے پر جدوجہد کرتے دکھائی دیے مگر پیٹ کمنز کافی ذہین ہیں، وہ اس ذمہ داری کو عمدگی سے نبھا سکتے ہیں۔
انھوں نے گزشتہ برس نیوساؤتھ ویلز کی ون ڈے میچز میں کامیابی سے قیادت کی تھی، مجھے یقین ہے کہ پوری ٹیم انھیں سپورٹ کرے گی، میں خود زیادہ بولرز کی قیادت میں نہیں کھیلا مگر اس بات کا یقین ہے
کہ وہ ذمہ داری ملنے پر اسے اچھے انداز سے نبھا سکتے ہیں۔دوسری جانب اسٹیون اسمتھ کے پاس ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کا تجربہ موجود ہے، وہ 2018 میں بال ٹیمپرنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے کی وجہ سے قیادت گنوانے سے قبل عمدگی سے باگ ڈور سنبھال چکے ہیں۔
ایک رپورٹ کے مطابق سلیکٹرز بھی انھیں دوبارہ کپتان دیکھنا چاہتے ہیں،خفیہ طور پر اس حوالے سے انھوں نے بورڈ سے رابطہ بھی کیا تھا۔