بابر اعظم کو ایک بار پھر قومی ٹیم کا کپتان بنا دیا گیا

eAwazکھیل

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم کو ایک بار پھر پاکستان کرکٹ ٹیم کا کپتان بنا دیا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بابر اعظم وائٹ بال کرکٹ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی بھی پرسوں رات کاکول پہنچی تھی اور بورڈ کے فیصلے پر شاہین شاہ آفریدی کو اعتماد میں لیا تھا اور انہیں کرکٹ بورڈ کے مستقبل کے پلان کے حوالے سے بھی آگاہ کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے شاہین آفریدی کے بابر اعظم اعظم کے حوالے سے جو تحفظات تھے انہیں بھی دور کیا اور پھر کمیٹی کی متفقہ رائے کے بعد بابر اعظم کو دوبارہ کپتان بنانے کی تجویز پیش کی۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر اس طرح کی خبریں بھی زیر گردش ہیں کہ بابر اعظم نے تینوں فارمیٹس کی کپتانی کی خواہش کا اظہار کیا ہے تاہم ذرائع پی سی بی کا بتانا ہے کہ بابر اعظم نے اس طرح کی کوئی شرط عائد نہیں کی۔

بابر اعظم 52 ٹیسٹ، 117 ون ڈے اور 109 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سمیت 71 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں۔

بابر اعظم کی کپتانی میں پاکستان نے 42 میچز جیتے اور گرین شرٹس کو23 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

یاد رہے کہ بابر اعظم گزشتہ سال نومبر میں تینوں فارمیٹس کی کپتانی سے دستبر دار ہو گئے تھے جس کے بعد پی سی بی نے شاہین آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی اور شان مسعود کو ٹیسٹ کا کپتان مقرر کر دیا تھا تاہم ون ڈے کے کپتان کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تھا۔