میلبرن اسٹارز نے بگ بیش لیگ میں ایک بار پھر سے پاکستان اسٹینڈ متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے۔
14 دسمبر سے شروع ہونے والی بگ بیش لیگ میں میلبرن اسٹارز کے پہلے چار ہوم میچز میں فینز پاکستان بے میں بیٹھ سکیں گے۔
پاکستانی کرکٹ فینز کے لیے میلبرن کرکٹ گراونڈ میں خصوصی اسٹینڈ ہو گا۔
پاکستان کے اسپنر اسامہ میر اس ایڈیشن میں میلبرن اسٹارز کے اسکواڈ کا حصہ ہیں، اس سے قبل حارث رؤف میلبرن اسٹارز کا حصہ تھے۔
میلبرن اسٹارز کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پاکستانی کھلاڑیوں کے فینز کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے اور ان کی کھیل میں دلچسپی بڑھانے کے لیے کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی فینز کو اپنی سپورٹ کے اظہار کا موقع فراہم کرنے کے لیے ہمیشہ سے پُرعزم رہے ہیں۔
میلبرن اسٹارز کے دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں آسٹریلیا کے گلین میکسویل، مارکس اسٹونس اور انگلینڈ کے بین ڈکٹ شامل ہیں۔
میلبرن اسٹارز کے پہلے چار ہوم میچز 18 دسمبر، 4، 9 اور 19 جنوری کو کھیلے جائیں گے۔