South Africa out of the semi-finals despite beating England

جنوبی افریقا انگلینڈ کو شکست دینے کے باوجود سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر

eAwazکھیل

ابوظہبی: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اہم میچ میں جنوبی افریقا نے انگلینڈ کو شکست دے دی تاہم وہ سیمی فائنل میں رسائی حاصل نہ کرسکی۔

.کگیسو رباڈا کی آخری اوور میں ہیٹرک، وان ڈار ڈاسن نے 94 رنز کی اننگز کھیلی

شارجہ میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اہم معرکے میں جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹ کے نقصان پر 189 رنز بنائے جس کے جواب میں انگلش ٹیم 8 وکٹ کے نقصان پر 179 رنز بناسکی۔ جنوبی افریقا کو سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے کے لیے انگلینڈ کو 131 رنز تک محدود کرنا تھا۔

انگلینڈ کی جانب سے جیسن روئے نے 20 رنز بنائے مگر وہ انجرڈ ہونے کے بعد ریٹائرڈ ہرڈ ہوگئے، جوز بٹلر 26، جونی بریسٹون 1، معین علی 37، ڈیوڈ ملان 33، لیام لونگ اسٹون 28، ایون مورگن 17 اور کرس ووکس 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے کگیسو رباڈا نے آخری اوور میں ہیٹرک حاصل کی جب کہ تبریز شمسی نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

اس سے قبل انگلش کپتان ایون مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے جنوبی افریقا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ریزا ہینڈرکس صرف 2 رنز بنانے کے بعد معین علی کا شکار بنے۔ کوئنٹن ڈی کاک نے 34 رنز کی اننگز کھیلی۔

وان ڈار ڈاسن نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی اور 94 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ ایڈن مارکرم نے ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے صرف 24 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی۔ انگلینڈ کی جانب سے معین علی اور عادل رشید نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔