بولرز کے بعد پاکستانی بیٹرز کی بھی شاندار کارکردگی، دوسرے ون ڈے میچ میں رضوان الیون نے آسٹریلیا کو باآسانی 9 وکٹ سے شکست دے دی۔
ایڈیلیڈ میں آج دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
دوسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلوی ٹیم پاکستان کے خلاف مکمل 50 اوورز نہ کھیل سکی اور پوری ٹیم 35 اوورز میں 163 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
پاکستان نے میچ میں اچھا آغاز کیا اور آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 21 رنز پر حاصل کر لی جب جیک فریزر مکگرک کو 13 رنز پر شاہین آفریدی نے آؤٹ کیا۔
آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 41 رنز پر گری، میتھیو شارٹ کو 19رنز پر شاہین آفریدی نے آؤٹ کیا۔
بعد ازاں میزبان ٹیم کے بیٹرز نے پارٹنر شپ قائم کرنے کی کوشش لیکن حارث رؤف نے اسے ناکام بنا دیا، انہوں نے جوش انگلس کو 18 رنز پر آؤٹ کر کے آسٹریلیا کی تیسری وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ 87 رنز پر حارث رؤف نے حاصل کی، انہوں نے مارنس لبوشین کو 6 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا جبکہ فاسٹ بولر محمد حسنین نے 101 رنز پر پانچویں وکٹ حاصل کی، اس مرتبہ اسٹیو اسمتھ کو 35 رنز پر واپس پویلین جانا پڑا۔
آسٹریلیا کی چھٹی وکٹ 121 اور ساتویں وکٹ 129 رنز پر حارث رؤف نے حاصل کی جبکہ آٹھویں وکٹ 130 رنز پر نسیم شاہ نے لی۔
پاکستان کے خلاف آسٹریلیا کی نویں وکٹ 146 رنز پر گری، کپتان پیٹ کمنز کو حارث رؤف نے 13 رنز پر آؤٹ کیا۔
آسٹریلیا کی آخری وکٹ 163 رنز پر گری، ایڈم زیمپا کو شاہین آفریدی نے 18 رنز پر آؤٹ کیا۔
پاکستان کی جانب سے ہدف کے تعاقب کا آغاز عبداللّٰہ شفیق اور صائم ایوب نے کیا۔ دونوں اوپنرز نے ٹیم کو مضبوط اور شاندار آغاز فراہم کیا اور 137 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔
پاکستان کی پہلی وکٹ137 رنز پر گری،صائم ایوب نے 82 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔
صائم ایوب نے 82 رنز کی اننگز میں 5 چوکے اور 6 چھکے لگائے جبکہ عبداللّٰہ شفیق 64 اور بابر اعظم 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان نے 164 رنز کا ہدف 26.3 اوورز میں ایک وکٹ پر حاصل کر کے 3 میچز کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔
میچ میں پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 5، شاہین آفریدی نے 3 جبکہ نسیم شاہ اور محمد حسنین نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
علاوہ ازیں آسٹریلیا کی جانب سے پاکستان کی واحد وکٹ ایڈم زیمپا نے حاصل کی جبکہ سب سے زیادہ رنز اسٹیو اسمتھ نے بنائے، انہیں 35 رنز پر محمد حسنین نے کیچ آؤٹ کرایا۔