نیو دہلی : بھارتی کرکٹ ٹیم کے کوچ روی شاستری نے کہا ہے کہ آئی پی ایل کی وجہ سے بھارتی کھلاڑی ذہنی طور پر تھکے ہوئے تھے لہٰذا دنیا بھر کے کرکٹ بورڈز اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو اس پر غور کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ کھلاڑی پیٹرول پر نہیں چلتے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق روی شاستری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کی خراب کارکردگی جزوی طور پر ایک توسیع شدہ بائیو سیکیور ببل کی وجہ سے تھکن کی وجہ سے ہے۔روی شاستری نے کہا کہ ’ہم گزشتہ چھ ماہ سے بائیو سیکیور ببل میں رہ رہے ہیں، ہم آئی پی ایل اور ورلڈ کپ کے درمیان ایک بڑا فرق پسند کریں گے،
کھلاڑی انسان ہیں کوئی گاڑی نہیں کہ جسے پیٹرول پر چلایا جائے۔‘انہوں نے مزید کہا کہ ’میں ذہنی طور پر تھکا ہوا ہوں اور میں اپنی عمر میں اس کی توقع کرتا ہوں لیکن نوجوان کرکٹرز کو ذہنی اور جسمانی تھکاوٹ سے صحتیاب ہونے کے لیے آرام کی ضرورت ہے۔روی شاستری نے اصرار کیا کہ موجودہ بھارتی ٹیم ایک ’جیتنے والی ٹیم‘ ہے اور کھلاڑیوں کی ذہنی صحت پر توجہ نہ دینا اُن کی ترقی کو روک سکتا ہے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ’تمام کرکٹ بورڈز اور آئی سی سی کو یہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ وہ کھلاڑیوں کی ذہنی تھکاوٹ کو کس طرح سنبھالیں گے کیونکہ کچھ عرصے بعد، آپ دیکھیں گے کہ کھلاڑی مستقبل کی سیریز سے باہر ہونا شروع ہوجائیں گے۔روی شاستری نے مزید کہا کہ ’بھارتی ٹیم ایک فاتح ٹیم ہے لہٰذا آئی سی سی اس مسئلے پر لازمی توجہ دے۔
واضح رہے کہ پہلے میچ میں پاکستان کے ہاتھوں عبرتناک شکست سے دوچار ہونے ہوئی بھارتی ٹیم نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021ء میں اپنے آخری گروپ میچ میں نمیبیا کو 9 وکٹوں سے ہرا کر ایونٹ کا اختتام جیت پر کر دیا۔