زمبابوے کے خلاف بھارتی بلے باز یاشاسوی جیسوال نے اننگز کی پہلی ہی گیند پر 13 رنز بناکر عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔
اتوار کے روز ہرارے میں بھارت اور زمبابوے کے درمیان 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا آخری میچ کھیلا گیا جس میں بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے۔
جواب میں زمبابوے کی ٹیم 125 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی اور بھارت نے اس میچ میں 42 رنز سے کامیابی حاصل کی، ساتھ ہی سیریز کے چار میچز جیت کر بھارت نے یہ سیریز اپنے نام کی۔
پہلی اننگ کی پہلی گیند زمبابوے کے آل راؤنڈر سکندر رضا کی جانب سے پھینکی گئی جس کا سامنا اوپنر یاشاسوی جیسوال نے کیا، انہوں نے پہلی ہی گیند پر چھکا جڑ دیا۔
امپائر نے اس گیند کو نو بال قرار دیا کیونکہ یہ گیند اونچی فل ٹاس کرائی گئی تھی، نو بال ہونے پر ایک اضافی رن بھی ملا اور اسکور 7 ہوگیا۔
سکندر رضا کی جانب سے جب دوبارہ گیند کروائی گئی تو یاشاسوی جیسوال نے ایک مرتبہ پھر چھکا لگا دیا، اور یوں بھارتی ٹیم کے ایک گیند پر 13 رنز بنے۔
یاشاسوی جیسوال کے اس عالمی ریکارڈ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خاصی وائرل ہورہی ہے۔