سڈنی: گھریلو تشدد کے واقعے پر سابق آسٹریلوی کرکٹر مائیکل سلیٹر کو گرفتار کرلیاگیا ہے۔میڈیا رپورٹس کےمطابق نیو ساؤتھ ویلز پولیس نے مائیکل سلیٹر کو مینلی کے علاقے سے گرفتار کرلیا اور انہیں اپنے ساتھ پولیس اسٹیشن لے گئی ہے۔تھانے میں ان سے پوچھ گچھ جاری ہے لیکن اب بھی تک انہیں چارج نہیں کیاگیا۔ پولیس نے مائیکل سلیٹر کا نام لیے بغیر ایک 51 سالہ شخص کو حراست میں لینے کی تصدیق کی ہے۔
حکام کا کہناہے کہ گھریلوتشدد کے بارےمیں ملنے والی شکایات کے بعد تفتیش جاری ہے۔رواں ماہ کے اوائل میں ہی مائیکل سلیٹر کی اپنے ملک کے وزیراعظم اسکاٹ موریسن پر تنقید کی وجہ سے ٹی وی کمنٹری ٹیم سے چھٹی ہوگئی تھی۔ وہ آسٹریلوی ٹی وی چینل کی کمنٹری ٹیم کا حصہ تھے تاہم ٹی وی چینل نے ان کی مزید خدمات حاصل کرنے سے معذرت کرلی تھی۔مائیکل سلیٹر اس سے پہلے بھی خواتین کے ساتھ نامناسب رویہ رکھنے کے الزام میں خبروں میں آچکے ہیں۔ 2019 میں انہیں اپنی ہی 2 خواتین دوستوں سے الجھنے پر جہاز سے اتار دیا گیا تھا۔