رواں ماہ 4 مارچ کو اچانک انتقال کرجانے والے آسٹریلوی لیجنڈری کرکٹر شین وارن کی آخری رسومات کے جذباتی مناظر وائرل ہوگئے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز شین وارن کی آخری رسومات میلبرن کے ایس ٹی کلڈا نامی فٹ بال کلب میں ادا کی گئیں جس کے جذباتی مناظر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہے ہیں۔
ایس ٹی کلڈا نامی فٹ بال کلب میں شین وارن کی میت تابوت میں لائی گئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شین وارن کے بیٹے اور بیٹی والد کا تابوت چوم رہے ہیں جبکہ اُن کی دوسری بیٹی میت کے پاس آنسو بہاتے نظر آئی۔
شین وارن کے تین بچے، والدین اور دوست بشمول ریٹائرڈ ٹیسٹ کپتان مارک ٹیلر اور ایلن بارڈر اور انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان بھی اُن کی آخری رسومات کے شرکاء میں موجود تھے۔
واضح رہے کہ شین وارن کو کرکٹ کی تاریخ کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک سمجھا جاتا تھا۔ ان کا انتقال 4 مارچ کو جنوبی تھائی لینڈ کے ساموئی جزیرے پر دوستوں کے ساتھ چھٹیاں منانے کے موقع پر ہوا تھا۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 52 سالہ وارن کی موت مشتبہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔