فیفا کو قطر میں ورلڈکپ سے ریکارڈ کمائی کیلئے پُرامید

eAwazکھیل

فیفا نے قطر میں ورلڈ کپ سے ریکارڈ کمائی کی امید باندھ لی، روس میں کھیلے گئے گذشتہ ایڈیشن کے ریونیو 5.4 بلین ڈالر سے زیادہ آمدنی کی توقع ہونے لگی، منتظمین کو میگا ایونٹ کے شایان شان انعقاد سے تمام تنازعات کے دم توڑنے کا بھی یقین ہے۔

تفصیلات کے مطابق فٹبال ورلڈ کپ اتوار سے قطر میں شروع ہورہا ہے، ایک ماہ تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ کیلیے میزبان ملک کی جانب سے شاندار انتظامات کیے گئے ہیں۔

کئی انتہائی خوبصورت اسٹیڈیمز بھی تیار کیے گئے تاہم مغربی میڈیا کی جانب سے شوپیس ایونٹ کے دوران قطر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سمیت مختلف ایشوز اٹھائے جارہے ہیں، جس کی وجہ سے فی الحال ورلڈ کپ کے گرد تنازعات کی دھول دکھائی دے رہی ہے، البتہ منتظمین کو مکمل یقین ہے کہ جیسے ہی ورلڈ کپ شروع ہوتا یہ تنازعات بھی دم توڑ دیں گے اور پوری توجہ میدان میں ہونے والے ایکشن پر مرکوز ہوجائے گی۔

فیفا کو بھی قطر میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں ریکارڈ آمدنی کی توقع ہے، وہ پہلے ہی 2لاکھ 40 ہزار ہاسپٹلٹی پیکجز فروخت کرچکی ہے۔

فیفا حکام کو پوری امید ہے کہ 2018 میں روس میں ہونے والے میگا ایونٹ میں حاصل ہونے والی 5.4 بلین ڈالر کی آمدن کا ریکارڈ اس بار ٹوٹ جائے گا۔

موسم موافق ہونے کی وجہ سے تمام میچز کے دوران ہاؤس فل ہونے کی امید ہورہی ہے۔ ٹیموں اور دنیا بھر سے آنے والے شائقین کی رہائش اور دیگر سہولیات کی فراہمی پر بھی بھرپور توجہ دی جانے لگی، اس کے ساتھ میزبان ملک کی جانب سے کچھ قوانین میں نرمی بھی برتنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔