لاہور قلندرز کا کوویڈ سے متاثرہ پلیئرز ڈیولپمنٹ پروگرام کی بحالی کا اعلان

eAwazکھیل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی چیمپئن لاہور قلندرز نے کوویڈ19 کی وجہ سے معطل اپنے عالمی شہرت یافتہ پراجیکٹ پلیئرز ڈیولپمنٹ پروگرام کی بحالی کا اعلان کردیا، اس سلسلے میں 17 مئی کو لاہور میں ایک روزہ ٹرائلز ہوں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سی ای او لاہور قلندرز عاطف رانا کا کہنا تھا کہ پلیئرز ڈیولپمنٹ پروگرام کی بحالی پر خوش ہیں، نوجوانوں کو پلیٹ فارم مہیا کرنا مقصد ہے، اب نوجوان آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے علاوہ انگلینڈ بھی جائیں گے، لاہور قلندرز ٹیلنٹ ہنٹ کے ساتھ پاتھ وے پروگرام پر یقین رکھتا ہے، حارث رؤف کی طرح ٹرائلز سے مزید نوجوان عالمی سطح پر نام روشن کریں گے۔

لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ یارکشائر کاؤنٹی کے ساتھ ٹیلنٹ ایکسچینج پروگرام کررہے ہیں۔ ان کے کھلاڑی قلندرز ہائی پر فارمنس سینٹر میں ٹریننگ کریں گے، ویمن کرکٹرز کو بھی ڈیولپ کریں گے۔

قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں ہونے والے ایک روزہ ٹرائلز کے موقع پر یارکشائر کاؤنٹی کے ایم ڈی ڈیرن گف اور اسسٹنٹ کوچ کبیر علی بھی موجود ہوں گے۔

لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا اور ڈائریکٹر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ مقصد نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے لیے مواقع فراہم کرنا ہے۔