محمد نبی نے افغانستان کی کپتانی چھوڑ دی

eAwazکھیل

آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران پہلا استعفیٰ آگیا۔

افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد نبی نے ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کی تیاریوں پر مایوسی اور سلیکٹرز اور انتظامیہ سے اختلاف کا حوالہ دیتے ہوئے افغان ٹیم کی قیادت چھوڑ دی۔

محمد نبی نے اپنے فیصلے سے متعلق ٹوئٹر پر لکھا کہ ہمارا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سفر اس نتیجے کے ساتھ ختم ہوا جس کی ہمیں اور ہمارے مداحوں کو امید نہ تھی۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ میچز کے نتائج سے ہم بھی آپ لوگوں کی طرح ہی مایوس ہیں، گزشتہ ایک سال سے ہماری ٹیم کی وہ تیاری نہیں تھی جو ایک کپتان اور بڑے ٹورنامنٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔

محمد نبی نے کہا کہ اس کے علاوہ گزشتہ کچھ دوروں میں ٹیم انتظامیہ، سلیکشن کمیٹی اور میں ایک پیج پر نہیں تھے جس کا اثر ٹیم پر پڑا۔

محمد نبی کا کہنا تھا کہ میں فوری طور پر کپتانی چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں تاہم جب بھی ٹیم کو میری ضرورت ہوگی تو اپنے ملک کے لیے کھیلوں گا۔

گزشتہ روز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ گروپ ون کے میچ میں آسٹریلیا نے افغانستان کو 4 رنز سے شکست دی تھی۔

افغانستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں واحد ٹیم ہے جو کوئی بھی میچ جیتے بغیر ٹورنامنٹ سے باہر ہوئی ہے۔