New Zealand beat India in the Super 12 stage of the T20 World Cup

نیوزی لینڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 میں مرحلے بھارت کو شکست دے دی

eAwazکھیل

دبئی: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں پاکستان کے بعد نیوزی لینڈ نے بھی بھارت کو شکست دے دی ہے۔

دبئی میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اہم معرکے میں بھارتی بیٹنگ لائن آخر تک مشکلات کا شکار رہی، کوئی ایک بلے باز بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکا اور مقررہ اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 110 رنز بنائے جس کے جواب میں کیویز نے مطلوبہ ہدف آسانی سے 2 وکٹ کے نقصان پر 15ویں اوور میں پورا کرلیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل نے 20 اور ڈیرل مچل نے 49 رنز کی ذمہ دارنہ اننگز کھیلی جب کہ کپتان کین ولیمسن 33 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ بھارت کی جانب سے جسپرٹ بمرا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ایشان کشان اور کے ایل راہل نے اننگز کا آغاز کیا، کشان 4 اور راہل 18 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

کپتان ویرات کوہلی 9 اور روہت شرما 14 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے۔ رشبھ پانٹ 12 اور ہاردک پانڈیا 23 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ جڈیجا 26 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ 3، ایش سوڈھی 2، ٹم ساؤتھی اور ایڈم ملنے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے پاکستان نے بھی بھارت کو سپر12 مرحلے میں 10 وکٹ سے شکست دی تھی۔