ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان
ولنگٹن : آئندہ برس نیوزی لینڈ میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2022ء کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ویمنز ورلڈ کپ 4 مارچ کو شروع ہو گا، پاکستان اور بھارت کی ویمنز ٹیموں کے درمیان میچ 6 مارچ کو کھیلا جائے گا۔4 مارچ سے شروع ہونے والے ویمنز ورلڈ کپ کی میزبانی نیوزی لینڈ کرے گا، میچز 6 شہروں میں کھیلے جائیں گے۔
افتتاحی میچ میزبان نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ویمنز ٹیموں کے درمیان ہو گا۔5 مارچ کو انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں مدِ مقابل ہوں گی جبکہ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان میچ 6 مارچ کو ہو گا۔31 دنوں میں 31 میچز کھیلے جائیں گے، جن میں8 ٹیمیں شریک ہوں گی، میچز لیگ کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے۔
4 ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنلز کے لیے کوالیفائی کریں گی جو کہ 30 اور 31 مارچ کو ہوں گےجبکہ فائنل 3 اپریل کو شیڈول ہے، ناک آؤٹ میچز کے لیے ریزرو ڈے رکھے گئے ہیں۔آسٹریلیا، انگلینڈ اور بھارت نے آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کی بنیاد پر جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے میزبان کی حیثیت سے آٹومیٹک کوالیفائی کیا۔پاکستان ویمنز ٹیم 8 مارچ کو آسٹریلیا، 11 مارچ کو ساؤتھ افریقہ، 14 مارچ کو بنگلا دیش، 21 مارچ کو ویسٹ انڈیز، 24 مارچ کو انگلینڈ اور 26 مارچ کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچز کھیلے گی۔