پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں تو شکست ہوئی لیکن قومی کرکٹر بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں پاکستان کیلئے مزید 2 ریکارڈز اپنے نام کرلیے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ آج برسبین میں کھیلا گیا ۔ بارش سے متاثرہ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 29 رنز سے شکست دی۔
بارش کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان فی اننگز 7 اوورزکا کھیل ہوا، پاکستان نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 94 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم مقررہ 7 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز ہی بنا سکی۔
اس میچ میں بابر اعظم نے 2 اہم ریکارڈ اپنے نام کرلیے۔
آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی بابر اعظم کا اس فارمیٹ کا 124 واں انٹرنیشنل میچ تھا جس کے بعد وہ پاکستان کی جانب سے سے سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے کھلاڑی بن گئے۔
اس سے قبل یہ اعزاز سابق کپتان شعیب ملک کے پاس تھا جنہوں نے 123 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں پاکستانی کی نمائندگی کی۔
اس کے علاوہ بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ کیچ لینے والے پاکستانی کرکٹر بھی بن گئے۔
آسٹریلیا کے خلاف میچ میں بابر نے 2 کیچ لیے، جس کے بعد ان کے اس فارمیٹ کیچز کی تعداد 52 ہوگئی ہے۔
اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سب زیادہ کیچز لینے والے پاکستانی کرکٹر کا اعزاز فخر زمان اور شعیب ملک کے پاس تھا جنہوں نے 50، 50 کیچ لیے۔
واضح رہے کہ بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بیٹر بھی ہیں۔