گیانا: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے انگلینڈ کو 68 رنز سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
گیانا کے پروویڈنس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے انگلینڈ کو جیت کیلئے 172 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں انگلش ٹیم 16.4 اوورز میں 103 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔
ایونٹ کا فائنل ہفتہ کو بارباڈوس میں پاکستانی وقت کے مطابق شام 7:30 بجے جنوبی افریقا اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔
انگلینڈ کی اننگز:
ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کا کوئی بھی بیٹسمین بھارتی بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹہر سکا اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی رہیں۔
ہیری بروک 25، جوس بٹلر 23، جوفرا آرچر 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، انکے علاوہ کوئی بھی انگلش بلے باز ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکا۔
بھارت کی طرف سے اکسر پٹیل اور کلدیپ یادو نے تین، تین جسپریت بمراہ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
بھارت کی اننگز:
بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے، روہت شرما 57 سوریاکمار یادو 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
ہاردک پانڈیا 23، اکسر پٹیل 10، ویرات کوہلی 9، رشبھ پنت 4رنز بناسکے جبکہ شیوم دوبے صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ رویندرا جدیجا 17 اور ارشدیپ سنگھ 1 رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ کی طرف سے کرس جورڈن نے 3، ریس ٹوپلے، جوفرا آرچر، سیم کرن اور عادل رشید نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹاس:
قبل ازیں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ بارش کے باعث میچ کا آغاز 7 بجکر 30 منٹ کے بجائے 8 بجکر 45 منٹ پر ہوا جبکہ ٹاس بھی تاخیر سے ہوا۔
اس سے قبل آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا نے افغانستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی بار میگا ایونٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔
ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا اسٹیڈم میں میگا ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا نے افغانستان کا 56 رنز کا آسان ہدف 8.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا تھا۔
اسکواڈ:
بھارت: روہت شرما (کپتان)، ویرات کوہلی، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، سوریا کمار یادو، شیوم دوبے، ہاردک پانڈیا، اکسر پٹیل، رویندر جدیجا، ارشدیپ سنگھ، کلدیپ یادیو، جسپریت بمراہ
انگلینڈ: جوس بٹلر (کپتان اور وکٹ کیپر)، فل سالٹ، جونی بیرسٹو، ہیری بروک، معین علی، لیام لیونگ اسٹون، سیم کرن، کرس جارڈن، جوفرا آرچر، عادل راشد، ریس ٹوپلی