لاہور: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان واحد ٹی 20 میچ آج کھیلا جائے گا ، دونوں ٹیموں نے تیاریاں مکمل کر لیں ، قومی ٹیم جیت کے ساتھ سیریز کے اختتام کے لیے پر عزم ہے۔
زندہ دلان کے شہر لاہور میں کرکٹ میلہ عروج پر، ون ڈے کے بعد اب ٹی 20 کرکٹ کا ایکشن ہوگا۔ رات ساڑھے 8 بجے قذافی سٹیڈیم میں میدان لگے گا، پاکستان اور آسٹریلیا مدمقابل ہوں گے۔ چھوٹے فارمیٹ کے بڑے مقابلے کے لیے دونوں ٹیموں کی تیاریاں مکمل ہیں۔ نیٹ پریکٹس میں بیٹنگ، بولنگ، فیلڈنگ اور فزیکل فٹنس پر خصوصی توجہ دی۔ ون ڈے سیریز اپنے نام کرنے کے بعد شاہنیوں نے ٹی 20 میں فتح حاصل کرنے پر نظریں جما لیں۔
دوسری جانب مہمان آسٹریلوی ٹیم بھی جیت کے ساتھ سیریز کے آخری مقابلے کو یادگار بنانے کے لیے پر امید ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین ہونے والے ٹی 20 مقابلوں میں گرین شرٹس کو برتری حاصل ہے۔ 13 مرتبہ جیت شاہینوں کا مقدر بنی جبکہ 10 مرتبہ کینگروز نے میدان مارا جبکہ تین نومبر دو ہزار انیس کو سڈنی میں ہونے والا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔ شائقین کرکٹ تاریخی پاک آسٹریلیا سیریز کے آخری مقابلے کے لیے پر جوش ہیں۔
نیوز سورس دنیا نیوز