Chittagong Test

پاکستان نے دوسری اننگز میں بھی بنگلادیش کی ابتدائی وکٹیں جلد گرا دیں: چٹاگانگ ٹیسٹ

eAwazکھیل

چٹاگانگ ٹیسٹ کے تیسرے روز بنگلا دیش نے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 39 رنز بنا لیے ہیں اور میزبان ٹیم کی مجموعی برتری 83 رنز کی ہو گئی ہے۔

چٹانگ کے ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم میں جاری میچ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو عابد علی 93 اور عبداللہ شفیق 52 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

تاہم کھیل کے پہلے ہی اوور میں تاج الاسلام نے پہلے عبداللہ شفیق کو ایل بی ڈبلیو کیا اور پھر اگلی ہی گیند پر اظہر علی کو بھی گولڈن ڈک پر پویلین کی راہ دکھا دی۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھی 10 رنز بنا کر مہدی حسن مرزا کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

دوسری جانب عابد علی نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی سنچری مکمل کی، عابد علی 133 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ فواد عالم 8 اور محمد رضوان 5 رنز بنا سکے جبکہ حسن علی بھی 12 رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے۔ فہیم اشرف نے 38 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شاہین شاہ آفریدی 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
بنگلا دیش کی جانب سے تیج الاسلام نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 7 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دو وکٹیں عبادت حسین اور ایک مہدی حسن مرزا کے حصے میں آئی۔

بنگلا دیشی بلے بازوں دوسری اننگز میں بھی اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہوئے اور ابتدائی 4 بیٹر صرف 25 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

تیسرے روز کھیل ختم ہوا تو بنگلا دیش نے 4 وکٹوں پر 39 رنز بنا لیے تھے، مشفیق الرحیم 12 اور یاسر علی 8 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ پاکستان کی جانب سے 3 وکٹیں شاہین شاہ آفریدی نے حاصل کیں جبکہ ایک کھلاڑی کو حسن علی نے شکار بنایا۔

خیال رہے کہ چٹاگانگ ٹیسٹ میں بنگلا دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 330 رنز اسکور کیے تھے، بنگلا دیش کی جانب سے لٹن داس نے سنچری اسکور کی تھی جبکہ مشفیق الرحیم نروس نائنٹیز کا شکار ہو گئے تھے۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا جبکہ دو دو وکٹیں شاہین آفریدی اور فہیم اشرف کے حصے میں آئی تھیں۔