پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 5 وکٹ سے ہرا کر سہ ملکی T20 سیریز جیت لی، گرین شرٹس نے 164 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کرلیا۔
وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور کپتان بابر اعظم نے فائنل میچ جیتنے کے لیے کوششوں کا آغاز کیا، جس کے بعد مڈل آرڈر نے بھی آج مداحوں کی شکایات دور کردیں۔
قومی ٹیم کو پانچویں اوور میں پہلا نقصان بابر اعظم کی وکٹ کی صورت میں 29 رنز پر ہوا۔ وہ 15 رنز بنا کر بریس ویل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
تیسرے نمبر پر آنے والے بیٹر شان مسعود کچھ خاص نہ کرسکے اور 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ ان کی وکٹ 11ویں اوور میں بریس ویل نے حاصل کی۔
محمد رضوان کو 12 ویں اوور میں اش سوڈھی نے آؤٹ کیا، جو 34 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔
جارحانہ بیٹنگ کرنے والے حیدر علی کو 16 ویں اوور میں ٹم ساوتھی نے آؤٹ کیا۔ پاکستانی بیٹر کا کیچ 31 رنز پر چیپمین نے پکڑا۔
اگلے ہی اوور میں آصف علی 1 رن بنا کر کیوی فیلڈر کو کیچ دے بیٹھے۔
پاکستان کے محمد نواز 38 اور افتخار احمد 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
محمد نواز کو عمدہ آل راؤنڈ پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ انہوں نے میچ میں ایک وکٹ بھی حاصل کی تھی۔
میچ فنش کرنے کے بعد محمد نواز نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی مڈل آرڈر پر بیٹنگ کرتا ہوں۔
نیوزی لینڈ کے مائیکل بریسول کو سیریز کا بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔
اس سے قبل فائنل میچ میں پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے پہلے ہی اوور میں کیوی بیٹر فن ایلن کو پویلین کی راہ دکھائی۔
میچ کے پانچویں اوور میں حارث روف نے 14 رنز بنانے والے ڈیوڈ کونوئے کو بولڈ کیا۔
جس کے بعد محمد نواز نے 97 کے مجموعی اسکور پر نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ حاصل کی۔ انہوں نے گلین فلپس کو 29 رنز پر باؤنڈری لائن پر کیچ آؤٹ کرایا۔
پاکستان کے اسپن بولر شاداب خان نے نیوزی لینڈ کے بیٹر کین ولیمسن کی اننگز کو 59 رنز پر بریک لگوایا۔
فاسٹ بولر نسیم شاہ نے 19ویں اوور میں 158 کے اسکور پر چیپمین کی وکٹ حاصل کی۔ کیوی بیٹر 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد اگلی ہی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان نے جمی نیشم کو 17 رنز پر رن آؤٹ کیا۔
فاسٹ بولر حارث رؤف نے اننگز کے آخری اوور میں اش سوڈھی کی وکٹ حاصل کی۔
نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 163 رنز بنائے۔
کرائسٹ چرچ میں کھیلے جارہے سہ ملکی کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن کی ٹیم میں واپسی ہوئی جبکہ قومی ٹیم میں محمد حسنین کی جگہ فاسٹ بولر حارث رؤف کی شمولیت ہوئی۔