پاک بھارت تاریخی ڈیوس کپ ٹائی آج سے شروع

eAwazکھیل

پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈیوس کپ ٹائی ہفتے سے اسلام آباد میں شروع ہوگا، جو اتوار کو بھی جاری رہے گا۔

گزشتہ روز پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حریف سے سخت مقابلہ ہوگا، پاکستانی ٹیم کسی کو بھی شکست دے سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم گراس کورٹ پر اچھا کھیلتی ہے، اس بات کا بھی امکان ہے کہ میں سنگلز مقابلہ بھی کھیلوں۔

اعصام نے بتایا کہ اس وقت پوری توجہ ڈیوس کپ پر ہے، شائقین آئیں اور ہمیں سپورٹ کریں۔

قومی ٹینس اسٹار نے کہا کہ کھیلوں میں سیاست کو نہیں لانا چاہیے، امید ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان آئے گی۔

اس موقع پر موجود پاکستانی ٹینس کھلاڑی عقیل خان کا کہنا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں میں بہت ٹیلنٹ ہے۔

بھارتی ٹینس ٹیم کے کوچ ذیشان علی نے کہا کہ پاکستان میں ہمارا بہت خیال رکھا جا رہا ہے، پاک بھارت مقابلہ سخت ہوگا ہم اسے جیتنا چاہتے ہیں۔

کوچ ذیشان علی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ ٹینس سیریز بھی ہونی چاہیے۔

بھارتی ٹینس کھلاڑی رام کمار کا کہنا تھا کہ ہماری تیاری اچھی ہے۔