پنڈی ٹیسٹ : بنگلادیش کیخلاف پاکستان کی آدھی ٹیم 65 رنز پر پویلین لوٹ گئی

eAwazکھیل

راولپنڈی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن کا آغاز پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان کے ساتھ 21 رنز کی برتری سے کیا۔

پاکستان کی آدھی ٹیم صرف 65 رنز پر آؤٹ ہوگئی، صائم ایوب 20، شان مسعود 28 اور بابر اعظم 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اس وقت کریز پر سعود شکیل اور محمد رضوان موجود ہیں۔

کھیل کے تیسرے دن پاکستان کی دو وکٹیں چوتھے اوور میں گرگئی تھیں، عبد اللہ شفیق 3 اور خرم شہزاد بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

کھیل کے تیسرے دن پہلے گھنٹے پاکستانی بولرز چھائے رہے اور 6 کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا مگر پھر وکٹ کیپر بیٹر لٹن داس کے 138 اور مہدی حسن کے 78 رنز کی بدولت بنگلادیشی ٹیم پہلی اننگز میں 262 رنز بنا سکی اور 12 رنز کے خسارے میں چلی گئی۔

ان دونوں بیٹرز نے ساتویں وکٹ پر 165 رنزکی شراکت لگائی، پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 6 جب کہ میر حمزہ اور سلمان علی آغا نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دوسری جانب بنگلا دیشی بیٹر لٹن داس نے کہا ہے کہ دوسرے ٹیسٹ کی وکٹ بیٹنگ کو مدد نہیں کر رہی ہے، ابتدا میں صرف 26 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تو کچھ دباؤ ضرور تھا مگر مہدی حسن میراز نے مثبت سوچ کے ساتھ بیٹنگ کی اور پاکستانی بولنگ لائن کا دباؤ کم کیا۔