پی ایس ایل: ملتان سلطانز کی کراچی کنگز کو 55 رنز سے شکست

eAwazکھیل

پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو با آسانی 55 رنز کے بھاری مارجن سے ہرا دیا۔

ملتان میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر185 رنز بنائے، ریزا ہینڈریکس 79 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔

اس کے علاوہ ڈیوڈ ملان نے 41 گیندوں پر 52 رنز کی اننگز کھیلی، محمد رضوان 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ خوشدل شاہ 28 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ، ان کی اننگز میں 4 چوکے شامل تھے۔

کراچی کنگز کی جانب سے میر حمزہ اور ڈینئل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

186 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کی بیٹنگ کوئی خاطر خواہ کار کردگی نہیں دکھا سکی، تجربہ کار بیٹر شعیب ملک کے علاوہ کوئی بھی بیٹر جم کر نہ کھیل سکا۔

کراچی کنگز کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر صرف 130 رنز ہی بناسکی۔

شعیب ملک نے 53، شان مسعود نے 30 اور کیرون پولارڈ نے 28 رنز کی اننگز کھیلی۔جیمز وینس نے 5، محمد نواز نے 7 رنز بنائے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے محمد علی نے 3، ڈیوڈ ولی اور عباس آفریدی نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل پاکستان سپر لیگ میں اتوار کو کھیلے گئے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو با آسانی 16 رنز سے شکست دے دی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 207 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 190 رنز بنا سکی، بابر 68 رنز بناکر نمایاں رہے۔