پی ایس ایل 9: اسلام آباد نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دیکر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا

eAwazکھیل

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) سیزن 9 کے پہلے ایلیمنیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 39 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے آؤٹ کر دیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے 175 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 135 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور اس کا ٹورنامنٹ میں سفر ختم ہوگیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کا مقابلہ اب کوالیفائر ہارنے والی پشاور زلمی سے ہوگا اور وہ میچ جو جیتے گا اس کا سامنا فائنل میں ملتان سلطانز سے ہوگا۔

کراچی میں کھیلے گئے ناک آؤٹ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نےکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا انتخاب کیا ۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں جبکہ کوئٹہ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں۔

 

اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے۔

مارٹن گپٹل 56 اور آغا سلمان 31 رنز بناکر نمایاں رہے، ایلکس ہیلز ، شاداب خان 23، 23 اور اعظم خان نے 18 رنز بنائے جبکہ فہیم اشرف اور حیدر علی نے ایک ایک رن بنایا۔

اس کے علاوہ نسیم شاہ 7 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ جبکہ عماد وسیم نے بھی 4 رنز بنائے۔

کوئٹہ کی جانب سے محمد عامر اور عاقل حسین نے 2 ،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد وسیم ، ابرار احمد اور سعود شکیل نے ایک ایک وکٹ لی۔

 

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز
اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کی بیٹنگ بالکل نہ چل سکی، ایک کے بعد ایک بیٹر آؤٹ ہوتا رہا،عمیر یوسف کے علاوہ کوئی بھی بیٹر بڑی اننگز نہ کھیل سکا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 175رنز کے تعاقب میں 19 ویں اوور میں 135 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی، عمیر بن یوسف نے 50، عقیل حسین نے 31 رنز بنائے ۔اس کے علاوہ محمد عامر نے 23رنز اسکور کیے۔

اسلام آباد کی جانب سے عماد وسیم نے 3، نسیم شاہ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس شکست کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایئٹرز کی ٹیم کا سفر پی ایس ایل 9میں ختم ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ ملتان سلطانز پہلے ہی ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 کے فائنل میں پہنچ چکی ہے۔دوسری فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ آج ہو گا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم آج دوسرے ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی کا مقابلہ کرے گی ،یہ میچ جیت والی ٹیم 18 مارچ کو پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں ملتان سلطانز کے خلاف کھیلے گی۔