پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے آٹھویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ایونٹ میں کوئٹہ کی یہ مسلسل تیسری کامیابی ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیا گیا 139 رنز کا ہدف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 19ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
یونائیٹڈ کی جانب ایلکس ہیلز نے 9 گیندوں پر 21 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو دھواں دار آغاز فراہم کیا، جبکہ انکے آؤٹ ہونے کے بعد سلمان علی آغا نے بھی محمد حسنین کے ایک ہی اوور میں 18 رنز بٹور لیے۔
اس موقع پر یوں محسوس ہورہا تھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم بورڈ پر بڑا ٹوٹل سجا دے گی، تاہم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولرز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے بازوں کی رنز بنانے کی اسپیڈ کو بریک لگادی۔
سلمان علی آغا اور کولن منرو کے درمیان 40 رنز کی پارٹنرشپ بنی، تاہم 69 کے مجموعے پر پہلے کولن منرو آؤٹ ہوگئے۔ اسکے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹرز کی وکٹیں خزاں رسیدہ پتوں کی طرح گرنے لگیں۔
72 پر کپتان شاداب خان، 80 پر اعظم خان، 87 پر 33 رنز بنانے والے سلمان علی آغا، 105 پر 9 رنز بنانے والے عماد وسیم، 118 پر 19 رنز بنانے والے جارڈن کوکس آؤٹ ہوئے۔
میچ کے اختتامی لمحات میں فہیم اشرف کے 20 رنز کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بناسکی۔
گلیڈی ایٹرز کے مسٹری اسپنر ابرار احمد نے 4 اوور کے کوٹہ میں صرف 18 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں حاصل کیں۔
فاسٹ بولر محمد وسیم نے بھی زبردست بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے 4 اوورز کے کوٹہ میں 20 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کوئٹہ کے دیگر کھلاڑیوں میں اکیل حسین نے 2 جبکہ محمد حسنین نے ایک وکٹ لی۔
ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جیسن روئے نے بھی جارحانہ مزاج اپنایا اور 37 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم دوسرے اینڈ پر وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوا۔ سعود شکیل نے 2، خواجہ نافع 9، سرفراز احمد ایک رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 54 رنز پر 4 وکٹوں سے محروم ہوئی تو کپتان رائیلی روسو اور شرفین ردرفورڈ نے 62 رنز کر پارٹنر شپ بنا کر اپنی ٹیم کو جیت کی جانب گامزن کیا۔
116 رنز کے مجموعے پر 29 رنز بنانے والے شرفین ردرفورڈ آؤٹ ہوئے، جنہیں نسیم شاہ نے بولڈ کیا جبکہ نئے آنے والے بلے باز اکیل حسین 8 اور محمد وسیم ایک رن کے مہمان ٹھہرے۔
محمد عامر 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ دوسرے اینڈ پر موجود کپتان رائیلی روسو نے 34 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو ہدف تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ یونائیٹڈ کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ میں عبید شاہ کی جگہ حنین شاہ جبکہ ٹائمل ملز کی جگہ رومان رئیس کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا۔