پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے معاملے پر پاک بھارت بورڈز کے درمیان ہونے والے معاملات کو ہوسٹ ایگریمنٹ میں درج کرنے کا مطالبہ کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی حکام نے پاکستان اور بھارت کے درمیان طے معاملات کو ہوسٹ ایگریمنٹ میں درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ آئی سی سی کے ایونٹس کے معاملات انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) فورم پر ہی حل ہوں گے۔
بھارتی میڈیا نے گزشتہ روز رپورٹ کیا تھا کہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارتی بورڈ (بی سی سی آئی) نے 2027 تک ہندوستان میں ہونے والے ایونٹس کےلیے پاکستان کا مطالبہ تسلیم کیا ہے کہ وہ بھی بھارت جاکر میچز نہیں کھیلے گا۔
اس طرح چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت اور 2026 کے ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستان اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلےگا۔
بھارتی میڈیا کے دعوے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)، بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) اور پی سی بی نے کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔