ڈیوڈ وارنر راولپنڈی ٹیسٹ ڈرا کے بعد کراچی ٹیسٹ میں بہتر وکٹ کی تیاری کے لیے پرامید

eAwazکھیل

نامور آسٹریلین بلے باز ڈیوڈ وارنر نے راولپنڈی ٹیسٹ ڈرا ہونے کے بعد کراچی میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بہتر پچ کی تیاری کی امید ظاہر کی ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق وارنر نے کہا کہ میں ایک ایسا کھیل چاہتا ہوں جس میں 20 مواقع پیدا ہوں، یہ شائقین کے لیے بہت دلچسپ اور تفریح سے بھرپور ہو گا۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا نے کہا تھا کہ ڈرا ہونے والے میچز ٹیسٹ کرکٹ کی اچھی تشہیر نہیں ہیں جبکہ آسٹریلین نائب کپتان اسٹیو اسمتھ نے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی وکٹ کو مردہ وکٹ قرار دیا تھا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے پہلی اننگز 476 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی تھی جبکہ دوسری اننگز میں آسٹریلین باؤلرز ناکامی سے دوچار ہوئے تھے اور پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 252رنز بنائے تھے اور میچ ڈرا ہو گیا تھا۔

پاکستان کی پہلی اننگز کے جواب میں آسٹریلین بلے بازوں نے بھی بھرپور بیٹنگ کرتے ہوئے 449 رنز بنائے تھے لیکن اکثر آسٹریلین بلے بازوں نے غیرذمے دارانہ شاٹس کھیل کر وکٹیں گنوائی تھیں۔

ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ جب نیتھن لائن کی وکٹ کے ناہموار حصے پر پڑنے کے باوجود بھی ٹرن نہیں ہو رہی تھی اور اکثر سیدھی جا رہی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی وکٹوں پر عموماً باؤنس میں اتار چڑھاؤ ہوتا ہے لیکن راولپنڈی کی وکٹ میں ایسا کچھ بھی نہیں تھا۔

نیوز سورس ڈان نیوز