کرکٹ آسٹریلیا کا پاکستان اور بھارت کے ساتھ سہ فریقی سیریز کی خواہش کا اظہار

eAwazکھیل

کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان اور بھارت کے ساتھ سہ فریقی سیریز کی خواہش کا اظہار کر دیا۔

آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو کرکٹ آسٹریلیا نک ہوکلے نے کہا کہ پاکستان اور بھارت روایتی حریف ٹیمیں ہیں، ان کے مقابلوں کے لیے بہت جوش پایا جاتا ہے۔

نک ہوکلے کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران نسا اسٹیڈیم ہاؤس فل تھا، آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022ء میں بھی ایسا ہی جوش تھا۔

انہوں نے کہا کہ باہمی سیریز اور سہ فریقی سیریز کے لیے معاونت کرنے کے لیے تیار ہیں، پہلے ان دونوں بورڈز کو آپس میں فیصلہ کرنا ہے، ہم میزبانی میں معاونت کریں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمیں پاک بھارت باہمی سیریز کی بحالی میں کردار ادا کر کے خوشی ہو گی، ہمارا شیڈول رواں سال بہت مصروف ہے اس لیے باضابطہ بات نہیں ہوئی، مستقبل میں ہم اگر میزبانی کرتے ہیں تو ہمیں بہت اچھا لگے گا۔

چیف ایگزیکٹو کرکٹ آسٹریلیا نے کہا کہ رواں سال سمر سیزن میں پاکستان اور بھارت کے ٹورز کے منتظر ہیں، دونوں ممالک کے فینز بھی سیریز کے دوران بہت پُرجوش ہوتے ہیں، بھارت کی سیریز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت ماضی کے مقابلے میں 6 گنا زیادہ ہے۔

نک ہوکلے کا کہنا ہے کہ ہم نے پاکستان ویمن کرکٹ کی میزبانی کی ہے، ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر کھیلنا چاہتے ہیں، چاہیں گے کہ آئی سی سی ویمن فیوچرز پروگرام بھی ہو۔

افغانستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے نک ہوکلے نے کہا کہ افغانستان کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں عمدہ کھیل پیش کیا، ان کی ٹیم میں باصلاحیت کرکٹرز موجود ہیں، افغانستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں، باہمی سیریز کھیلنے کے حوالے سے حکومت سے مشاورت کرتے ہیں، حکومتی اور ہیومن رائٹس باڈیز کی ایڈوائس پر آگے بڑھتے ہیں۔