کیا کوہلی دوبارہ نمبر 1 بننا چاہتے ہیں؟ شاہد آفریدی کا سوال

eAwazکھیل

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز شاہد آفریدی نے مسلسل ناکامیوں کے شکار ویرات کوہلی سے سوال کیا ہے کہ کیا وہ دوبارہ دُنیا کے نمبر ون کھلاڑی بننا چاہتے ہیں؟

ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ ’کرکٹ میں، رویہ سب سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے اور میں بار بار یہی بات کرتا ہوں‘۔

شاہد آفریدی نے سوال کیا کہ ’ویرات کوہلی، اپنے کیریئر کے شروع میں، دنیا کے نمبر 1 بلے باز بننا چاہتے تھے، کیا وہ واقعی دوبارہ نمبر 1 بننا چاہتے ہیں؟‘

اُنہوں نے سوال کیا کہ ’کیا ویرات کوہلی سوچتے ہیں کہ اُنہوں نے زندگی میں سب کچھ حاصل کر لیا ہے، اب صرف آرام کرو اور وقت گزارو؟‘

اس سے قبل شاہد آفریدی نے ویرات کوہلی کی کپتانی کے دنوں میں اُنہیں مشورہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’میرے خیال میں ویرات کوہلی کو صرف ایک کھلاڑی کے طور پر اپنا کیرئیر جاری رکھنے کا فیصلہ لینا چاہیے کیونکہ اس طرح اُن پر پریشر کم ہوگا‘۔

واضح رہے کہ 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد ویرات کوہلی نے بھارتی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی چھوڑ دی تھی اور بعد میں انہیں ون ڈے کی کپتانی سے بھی ہٹا دیا گیا تھا۔

اس کے فوراً بعد، وہ بھارت کے ٹیسٹ کپتان کے طور پر بھی دستبردار ہوگئے تھے، ان کی جگہ روہت شرما کو تمام فارمیٹس میں کپتان بنایا گیا تھا۔