یورو کپ: پُرتگال نے ترکیہ کو تین صفر سے مات دے دی

eAwazکھیل

ورو کپ: پُرتگال نے ترکیہ کو تین صفر سے مات دے دی
یورو کپ فٹ بال میں گروپ ایف کے میچ میں پُرتگال نے ترکیہ کو تین صفر سے مات دے دی۔ اسٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو ایک بار بھی گیند کو جال کا راستہ نہ دکھا سکے۔ ایک اور میچ میں جارجیا اور چیک ری پبلک کا میچ 1-1 گول سے برابر ہوگیا۔

ڈورٹمنڈ میں کھیلے گئے میچ میں ابتدائی لمحات میں ترکیہ نے پرتگال کے گول پر حملے کیے مگر وہ ان حملوں کو گول میں تبدیل نہ کرسکے، کچھ دیر بعد جب پرتگال کے کھلاڑیوں نے ردھم حاصل کیا تو اُن کے حملوں کی رفتار حریف گول پر تیز ہوگئی۔

اسی دوران برناڈو سلوا نے پہلا گول کردیا، سات منٹ بعد پرتگال کے برتری دُگنی ہوگئی لیکن یہ گول اُن کے کسی کھلاڑی نے نہیں کیا بلکہ ترکیہ کے ڈیفینڈر اور گول کیپر کی غلطی کی وجہ سے ہوا جب گیند اُن ہی کے جال میں پہنچ گئی۔

وقفے تک مقابلہ 0-2 تھا لیکن دوسرے ہاف کے دسویں یعنی میچ کے 55ویں منٹ میں برونو فرنانڈس نے اپنی ٹیم کی سبقت مزید بڑھا دی۔

ترکیہ کی ٹیم بقیہ وقت میں اپنے پہلے گول کی تلاش میں ہی رہ گئی اور کھیل ختم ہوگیا۔ پرتگال نے تین صفر سے کامیابی سمیٹی۔

اس سے قبل جارجیا اور چیک ری پبلک کے درمیان جو میچ ہوا وہ ایک، ایک سے برابری پر ختم ہوگیا۔

جارجیا نے پہلے ہاف میں پنالٹی کک پر گول بنایا، چیک ری پبلک نے اس خسارے کو دوسرے ہاف میں برابر کردیا۔