پیرس اولمپکس 2024ء میں پاکستان کے لیے انفرادی طور پر پہلا گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ میں 10 مرتبہ پاکستان کے لیے ریکارڈ قائم کر چکا ہوں۔
اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے لاہور میں منعقدہ تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ مجھے خوشی ہے کہ میں نے ریکارڈ کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا، میں نے بھی اسکول کی سطح سے کھیل کا آغاز کیا تھا، میں نے مختلف کھیلوں میں بیک وقت حصہ لیا۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے 2015ء سے قومی سطح کے مقابلے شروع کیے اور 10 مرتبہ پاکستان کے لیے ریکارڈ قائم کر چکا ہوں۔
ایتھلیٹ نے بچوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کے لیے یہی پیغام ہے کہ میں محنت سے یہاں پہنچا ہوں، میرے گھٹنے اور کہنی کا آپریشن ہوا، سرجریز کے ساتھ محنت کی، کوچ اور ڈاکٹر نے میرے ساتھ بہت کام کیا، میں نے اولمپکس کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ محنت اور لگن کے ساتھ کیے کام کا پھل دیتا ہے، آج دنیا میں پاکستان کا نام ہے اور یہی میری محنت کا پھل ہے۔